ریٹائرمنٹ کے بعد محمد عامر کے ستارے گردش میں آگئے


لاہور: حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے تاحال انگلش کاونٹی کرکٹ نہیں کھیل سکے۔

تفصیلات کے مطابق محمد عامر نے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں ایسیکس کی نمائندگی کرنا ہے اور اب تک تین میچز نہیں کھیل سکے ہیں۔

محمد عامر کو کاونٹی کرکٹ کھیلنے کے لئے ویزہ کیٹگری تبدیل کرنی ہے جس کے لیے انہوں نے درخواست دے رکھی ہے۔

ان کے ترجمان نے بتایا کہ محمد عامر پیر تک پاسپورٹ ملنے کے بعد اگلے ویک اینڈ پر میچز کھیلیں گے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کی سوشل میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید ک گئی۔

مزید پڑھیں: محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی تعریف نہیں کرسکتا،وسیم اکرم

یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلامیے میں بتائی گئی جس کے مطابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے اعزاز کا باعث تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ میچز اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2020 میں شرکت کے لیے اپنی فارم اور فٹنس برقرارکھنے کی کوشش کریں گے۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا، وہ پی سی بی کے شکرگزار ہیں جنہوں نے انہیں سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔

محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 36 ٹیسٹ میچوں میں 30 کی اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں۔

اپریل 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میچ میں 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بہترین بولنگ تھی۔


متعلقہ خبریں