بلوچستان میں ایف سی اہلکاروں پر دہشتگردوں کا حملہ،افسر سمیت 4 جوان شہید



بلوچستان میں فرنٹئیر کانسٹیبلری (ایف سی) اہلکاروں پردہشتگردوں  کی فائرنگ  سےایک فوجی افسر سمیت 4جوان شہید ہوگئے ہیں۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  یعنی انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی ایس آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ دہشتگردوں نے فائرنگ اس وقت کی جب ایف سی کا دستہ ہوشاب اور تربت کے درمیانی علاقے میں کامبنگ آپریشن میں مصروف تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں  شہید ہونے والوں میں  کیپٹن عاقب،سپاہی نادر،سپاہی عاطف الطاف اورسپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں۔

ادھر آج ہی ہونے والے ایک اور واقعہ میں شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرحد پرپٹرولنگ کرنے والے پاک فوج کے دستے پرسرحد پار سے حملہ کیا گیا۔

پاک فوج کا دستہ شمالی وزیرستان کے قریب گرباز کے علاقے میں سرحد کی نگرانی پر مامور تھا، شہدا میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی محمد بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ قربانیاں پاکستان کی طرف سے خطے میں امن قائم کرنے کےلیے ہیں،قبائلی علاقوں میں کوششوں کے بعد سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تمام توجہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کےلیے ہے،دشمن قوتیں بلوچستان کوغیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہیں،انشااللہ دشمن قوتوں کی کوششیں ناکام ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیے: افغانستان سےدہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 6 جوان شہید


متعلقہ خبریں