پاکستان تحریک انصاف کا وطن واپسی پر وزیراعظم کے استقبال کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان اسکردو پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی کامیاب تکمیل کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے وطن واپسی پر وزیراعظم کےشاندار استقبال کا اعلان کیا ہے۔ 

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کارکنان کو اسلام آباد ائرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی ہے ۔

عامر محمود کیانی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ برسوں کے انتظار کے بعد قوم کو عمران خان کی صورت میں صحیح قیادت میسر آئی ہے۔ اللہ رب العزت کے خاص فضل و احسان سے وزیراعظم کو دورہ امریکہ کے دوران تاریخی کامیابیاں ملیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم وزیراعظم کے دورہ امریکہ کی کامیاب تکمیل پر خوش اور پرجوش ہے،25 جولائی ہی کے روز عام انتخاب میں قوم نے عمران خان کو قیادت کا منصب سونپا۔

عامر محمود کیانی نے کہا کہ قوم ان تاریخی کامیابیوں پر رب ذوالجلال کی شکر گزار ہے،پاکستان تحریک انصاف 25 جولائی کو “یوم تشکر” کے طور پر منائے گی،یوم تشکر کی تقریبات کا آغاز وزیراعظم کے وطن واپسی پر فقیدالمثال استقبال سے کریں گے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کارکن اپنے محبوب وزیراعظم کے استقبال کیلئے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچیں،پوری قوم اپنے محبوب قائد کی جھلک دیکھنے کو بے تاب ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے امریکہ کے دورے سے واپسی پر دوحہ (قطر ) پہنچ گئے ہیں۔

مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داوؑد ، معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔قطری وزیر اعظم شیخ عبدالله بن نصر بن خلیفہ الثانی نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی وفد کا حمد انٹرنیشنل ائیر پورٹ دوحہ پر استقبال کیا۔

اس موقع پر قطری وفد کے ساتھ وزیراعظم عمران خان اور انکے ساتھ شامل دیگر رہنماؤں کا ایک دوسرے کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

وزیر اعظم عمران خان دوحہ میں مختصر قیام کے بعد پاکستان کے لیے روانہ ہونگے اور لگ بھگ ڈیڑھ بجے اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ پر پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:وزیراعظم عمران خان کامیاب دورہ امریکہ کے بعد آج رات وطن پہنچیں گے


متعلقہ خبریں