صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت ناکام بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ بلوچستان


 اسلام آباد: وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات میں یقین دلایا ہے کہ انکے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت میں ناکام بنایا جائے گا۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ  ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ سینیٹ میں تحریک عدم اعمتاد اور لائحہ عمل پر بھی بات چیت  کی گئی۔

وزیراعلی بلوچستان کی  اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتوں پر بھی لاٗئحہ عمل طے کیا گیا۔

اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کا انتخاب چھوٹے صوبے سے کیا گیا تھا اور ایوان کو اچھے طریقے سے چلا رہے ہیں۔

دوسری طرف بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرسرفرازبگٹی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ سمیت حکومت اوراتحادی جماعتوں کے سینیٹرزکواسلام آباد میں عشائیہ بھی دیا گیا۔

عشائیے میں چیئرمین سینیٹ، وزیراعلی بلوچستان اور وزیردفاع پرویزخٹک نے خصوصی طور پر شرکت کی۔عشائیے میں بھی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر سینیٹر شبلی فراز نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ آج سہ پہر کو خبر آئی تھی کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومتی پاور شو ناکام ہوگیا ہے۔ آج پارلیمنٹ ہاؤس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں 50 فیصد ارکان غیر حاضر رہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے 36 میں سے 19 سینٹرز اجلاس میں شریک ہوئے ۔ مسلم لیگ فنکشنل کے سینیٹر مظفر شاہ اور بی این پی مینگل کے جہانزیب جمال دینی  حکومتی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔

فاٹا کےسینیٹرز ہدایت اللہ ، ہلال الرحمان، مومن خان آفریدی، تاج آفریدی  بھی آج ہونے والے حکومتی اجلاس میں نظر نہیں آئے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی بھی اجلاس میں عدم شرکت کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد، حکومتی پاور شو ناکام


متعلقہ خبریں