ہندو میرج بل اور کرسچین میرج وطلاق بل منظور ہوچکے،حکومت رولز بنائے،پیپلزپارٹی


پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ہندو میرج بل اور کرسچین میرج بل اسمبلی اور سینیٹ سے پاس ہو چکے ہیں لیکن اب تک رولز نہیں بنائے گئے۔حکومت  نہ  صرف انکے رولز بنائے بلکہ  کرسچین میرج اور طلاق بل میں  ترمیم کی  بھی اشد ضرورت ہے وہ بھی کی جائے۔

پیپلزپارٹی کی طرف سے یہ مطالبہ  سابق چیرمین سینیٹ اورسیکرٹری جنرل پی پی پی سید نیر حسین بخاری نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں ہندو میرج اور کرسچین میرج بلز کے معاملہ پر منعقد ہونے والے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ممبر سندھ اسمبلی انتھونی نوید اور اقلیتی برادری کے اہم رانماؤں اور وفود نے شرکت کی ۔

ممبر صوبائی اسمبلی سندھ انتھونی نوید نے نیر بخاری سے ہندو میرج بل اور کرسچن شادی و طلاق بل کے حوالے سے تبادلہ خیال میں آگاہ کیا کہ ہندو میرج بل اور کرسچن میرج بل اسمبلی اور سینیٹ سے پاس ہو چکے ہیں لیکن اب تک رولز نہیں بنائے گئے۔اور کرسچین میرج اور طلاق بل میں ترمیم کی  بھی اشد ضرورت ہے۔

وفد میں شامل ممبران نے نیر حسین بخاری کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے دونوں بل انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں ان بلوں کی  حمایت کرے۔

اس موقع پرسیکرٹری جنرل پی پی پی نیر بخاری نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد و یگانگت کی خاطر پی پی پی نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا اور کرتی رہے گی۔  ہر شہری کو ملکی آئین کے اندر رہتے ہوئے مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

نیر بخاری نے کہا کہ ہندو میرج بل اورکرسچین شادی و طلاق بل ایوان زیریں اور ایوان بالا سے پاس ہو چکے ہیں اب رولزبنانا حکومتی ذمہ داری ہے۔

سید نیرحسین بخاری نے اقلیتی راہنماؤں کے وفد کو یقین دلایا کہ سینیٹ میں پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن سینیٹ میں ہندو اورکرسچین میرج ترمیمی بل کو بطور پرائیویٹ ممبر پیش کرینگی ۔

نیر بخاری نے کہا کہ سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کے چیرمین سینیٹر مصطفے نواز کھوکھر بھی ترمیمی بل کمیٹی سے منظور کرانے میں کردار ادا کرینگے ۔

پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائد اعظم کے جمہوری فلاحی پاکستان پر غیر متزلزل یقین رکھتی ہے ،پیپلز پارٹی کو73کے آئین کے تحت ہر شہری کے برابر اور مساوی حقوق فراہمی کی ضمانت پرفخر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے اقلیتوں کو وفاق اور صوبوں میں وزارتیں دیں، بے نظیر بھٹو شہید اور آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ میں اقلیتوں کے کوٹے میں اضافہ کیا۔

نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن کے وفد میں انتھونی نوید ایم پی اے،ڈاکٹر صابر مائیکل، بشپ لیو پال چرچ آف پاکستان ، رومانا بشیر سماجی کارکن ، ایم پرکاش ایڈووکیٹ اورشاھد جتوئی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیے:ہندومیرج بل کی منظوری پر بلاول سے اظہار تشکر


متعلقہ خبریں