بھارت: نوجوت سنگھ سدھو نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا


نئی دہلی: بھارتی سیاست دان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعلیٰ امارندر سنگھ سے اختلافات کے بعد پنجاب کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اپنا استعفیٰ پوسٹ کیا اور کہا کہ ’میں بطور وزیر پنجاب کابینہ سے استعفیٰ دیتا ہوں۔‘

نوجوت سنگھ سدھو نے کابینہ سے اپنے استعفے کی وجہ بیان نہیں کی تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق ان کے وزیراعلیٰ پنجاب سے اختلافات تھے۔

سدھو کئی مرتبہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے اپنی وابستگی ظاہر کرچکے ہیں جبکہ وہ طویل عرصے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے حوالے سے بیانات دیتے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: نوجوت سنگھ سدھو کو کپل شرماشوسے نکال دیاگیا

کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ ان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

راہداری کو کھولنے پر سدھو نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے اسے پوری دنیا کے سکھوں کے لئے اچھی خبر قرار دیا تھا لیکن انتہا پسندوں نے بھارت کے کئی شہروں میں تب بھی ان کے خلاف مظاہرے کئے تھے۔

پاکستان کے حق میں بیانات دینے کے بعد انہیں معروف بھارتی کامیڈی پروگرام ’کپل شرما شو‘ سے بھی نکال دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں