پنجاب پولیس بچوں کو بھی پڑھائے گی

پنجاب پولیس بچوں کو پڑھائے گی

فوٹو: راجن پور پولیس


راجن پور: پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں جرائم پیشہ افراد کے بچوں کو پڑھانے کے لیے مقامی پولیس نے اسکول کھول دیا ہے۔

‘پولیسنگ برائے اصلاح معاشرہ’ کے وژن کے تحت کٹانی علاقہ تھانہ بنگلہ اچھا میں پولیس کمیونٹی اسکول کا افتتاح کیا گیا-

یہ اسکول پولیس کی طرف سے فراہم کردہ عمارت اور افرادی قوت کے تحت چلایا جائے گا جس میں زیر تعلیم بچوں کو راجن پور پولیس کی جانب سے کتابیں، بستے،  یونیفارم اور دوپہر کا کھانا مفت فراہم دیا جائے گا۔

افتتاح  کے موقع پر علاقائی پولیس افسر(آر پی او) عمران احمر نے کہا کہ کچہ میں جرائم پیشہ عناصر کی آنے والی نسل کو تعلیم یافتہ بنا کر معاشرہ کا معزز شہری بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تعلیمی لحاظ سے پسماندہ علاقے کچہ کٹانی میں بچوں کی تعلیم کےلیے پولیس کمیونٹی اسکول میں محکمہ پولیس کے اہلکار بچوں کو مفت تعلیم فراہم کریں گے۔

پولیس کے مطابق کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف کامیاب آپریشن کیا گیا جس کے بعد خوف کی فضا کچھ حد تک کم ہوئی ہے۔

انہوں نے علاقے کے والدین سے گزارش کی کہ اپنے بچوں کو بلا خوف و خطر اسکول بھیجیں تاکہ ان کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جاسکے۔

ان کے مطابق راجن پور کے علاقہ کچہ کٹانی میں کوئی استاد ڈاکوؤں کے ڈر سے اسکول پڑھانے نہیں آتا تھا جس کے سبب بچے تعلیم سے محروم ہو رہے تھے۔

آر پی او نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کو تعلیم دینے کا مقصد انہیں برائی سے بچانا اور کار آمد شہری بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچے سے ڈاکوؤں کا قلع قمع کرنے کے لیے پولیس کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں اور علاقے میں امن لوٹ رہا ہے۔

عمران احمد  نے کہا کہ دریائے سندھ کے کنارے آباد پنجاب کا یہ ضلع ماضی میں جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بنا رہا ہے جس کے سبب اساتذہ تعلیمی اداروں میں پڑھانے سے ڈرتے تھے اور یہاں سے تبادلہ کرانے کو ترجیح دی جاتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس راجن پور ڈاکو راج ختم کرنے میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور انہیں رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں