پاکستان کی آبادی میں ہر سال 2 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا


وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاہے کہ اس سال عالمی یوم آبادی کو آئی سی پی ڈی کی 25 سالہ کارکردگی کے لحاظ سے منایا جا رہا ہے،پاکستان 20 کروڑ 07 لاکھ کی آبادی کے ساتھ زائد آبادی والے ممالک میں شامل ہے،ہر سال ملک کی آبادی میں 2 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔

عالمی یوم آبادی کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی سست روی کے باعث زچہ و بچہ کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں،ہر سال 90 لاکھ خواتین بچوں کی پیدائش کے عمل سے گزرتی ہیں،40 لاکھ خواتین نا چاہتے ہوئے بھی حمل کے مراحل سے گزرتی ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت آبادی پر قابو پانے کے لیے 8 تجاویز پر غور کر رہی ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی آبادی سے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ آبادی کی فلاح و بہبود نہ ہونا اور غذائی قلت بھی چیلنج ہے۔ آبادی پر قابو پانے سے مختلف مسائل حل ہو جاتے ہیں۔

ظفر مرزا نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں پاکستان کی آباد ی میں 6گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح دیگر ہمسایہ ملکوں سے زیاد ہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اداروں کی بحالی پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں اور انکی قیادت میں اداروں میں اصلاحاتی عمل بھی جاری ہے۔ آبادی اور صحت کے شعبوں میں بہتری ترجیح ہے۔ انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ آبادی میں تیزی سے اضافہ روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔

معاون خصوصی برائے قومی صحت نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے تجاویز پر عمل درآمد ضروری ہے۔ معاشرے کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کیساتھ ہر ایک کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ آبادی سے متعلق نظریات کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ مسائل موثر اقدامات سے حل کیے جا سکتے ہیں،گزشتہ 30سال میں آبادی میں 2گنا سے زائد اضافہ ہواہے۔ باقی دنیا میں آبادی 60سال میں دوگنا ہوتی ہے۔ بڑھتی آبادی ایک قومی مسئلہ اور قابل تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کے مسائل پر قابو پانے کیلئے صوبائی سطح پر بھی اقدامات کی ضرور ت ہے،حکومت بنیادی سطح پر سہولتوں کی فراہمی کیلئے کام کر رہی ہے،آبادی میں اضافے کی وجہ سے صحت و تعلیم کی سہولتوں کا فقدان ہے۔

یہ بھی پڑھیے:صحت سہولت کارڈ پروگرام کیلئے سندھ حکومت تعاون نہیں کر رہی، ڈاکٹر ظفر مرزا

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے نجی و سرکاری شراکت داری ناگزیر ہے،حکومت تنہا تمام مسائل سے نبرد آزما نہیں ہو سکتی ،قوم کو چاہیے کہ وہ آبادی سے متعلق اپنے نظریات میں تبدیلی لائے۔


متعلقہ خبریں