لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ آئندہ سنٹرل کنٹریکٹ میں 15 سے 17 کھلاڑیوں کو جگہ ملے گی۔
اب تینوں فارمیٹ کے مسلسل ٹیم کا حصہ اور کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ہی کنٹریکٹ دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ کنٹریکٹ سے ’ای کیٹِگری‘ کے مکمل خاتمے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
گزشتہ سنٹرل کنٹریکٹ میں تینوں فارمیٹس کے 33 کھلاڑی شامل تھے جس کا مطلب یہ ہے کہ کئی موجودہ کھلاڑی کنٹریکٹ سے محروم ہوجائیں گے۔
اس کے علاوہ بورڈ نے خواتین کے کنٹریکٹ میں بھی کھلاڑیوں کی تعداد کم کی ہے۔ موجودہ ویمن سنٹرل کنٹریکٹ میں دس کھلاڑی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دوسرے بورڈز کی طرح کھلاڑیوں کی تعداد کم اور معاوضہ بڑھانے کی تجویز ایم ڈی وسیم خان کی ہے۔
سنٹرل کنٹریکٹ کے ناموں کا اعلان نئی سلیکشن کمیٹی کی تقرری کے بعد کیا جائے گا۔
موجودہ سنٹرل کنٹریکٹ تیس جون کو ختم ہو چکے ہیں۔