صنعتوں کے فروغ کیلئے 10 ہزار ایکڑ پر 9 صنعتی مراکز قائم ہوں گے، وزیراعلی پنجاب

فوٹو: فائل


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں صنعتوں کے فروغ کیلئے 10 ہزار ایکڑ پر 9 صنعتی مراکز قائم ہوں گے۔

سردار عثمان احمد خان بزدار کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ صوبے میں خصوصی اقتصادی زون( اسپیشل اکنامک زونز) کے قیام کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے گوجرانوالہ میں 150 اور وزیر آباد میں 63 ایکڑ اراضی فراہم کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں 6 غیرملکی اداروں کی براہ راست سرمایہ کاری سے 6 ہزار شہریوں کو روزگار ملے گا۔منڈی بہاؤالدین میں 2 ارب روپے کی مالیت  سے پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی  بھی بنائیں گے۔

سردار عثمان احمد خان بزدار کی طرف سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیاہے کہ  ٹیوٹا کے 7 ہزار گریجوایٹس کو بلاسود قرضے بھی فراہم کریں گے۔

اس سے قبل 6جولائی کو اپنے ایک بیان میں سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا تھاکہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کوآپریٹو سوسائٹیز کے ممبران میں آسان شرائط پر اربوں روپے کے زرعی قرضے تقسیم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت امداد باہمی کی تحریک کے ذریعے کاشتکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کومعاشی آسانی پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔صوبہ پنجاب کے 13 بارانی اضلاع میں کوآپریٹو سوسائٹیز کے ممبران کو بلاسود ٹریکٹرز فراہم کیے جارہے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ کوآپریٹوز کے تحت چلنے والے زرعی، ہاؤسنگ اور صنعتی شعبہ سے متعلقہ اداروں میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت امداد باہمی کی تحریک کو ہر شعبہ ہائے زندگی کیلئے مفید بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں غربت، ناانصافی اور ظلم مٹ جائے گاکیونکہ ہم محروم طبقات کو غربت کی گہرائیوں سے نکالیں گے۔ پنجاب احساس پروگرام غربت مٹانے میں معاون ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: غربت سے خوشحالی کا سفر تیزی سے طے کریں گے، عثمان بزدار


متعلقہ خبریں