ترکی میں 200 فوجی اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری

ترکی میں 200 فوجی اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری

ترکی میں 200 حاضر سروس فوجی اہلکاروں اور کئی سویلین افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔

ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق استنبول کے پراسیکیوٹر آفس نے بری، بحری اور فضائی افواج کے 176 اہلکاروں کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں، ان میں ایک کرنل، دو لیفٹننٹ کرنل، 5 میجر، 7 کیپٹن اور 100 لفٹیننٹ شامل ہیں۔

ازمیر کے پراسیکیوٹر آفس نے بھی 20 حاضر سروس اور 5 سابق فوجی اہلکاروں جبکہ 10 سویلین افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی تصدیق کی ہے۔

انادولو نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف صوبوں میں مشکوک افراد کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ تقریباً تین سال قبل ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد لاکھوں افراد کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا تھا جبکہ سول سرونٹس، ملٹری اہلکار اور دیگر افراد کو ان کے عہدوں سے برخواست کر دیا گیا تھا۔

انسانی حقوق کے گروہ اور ترکی کے مغربی اتحادی کریک ڈاؤن کے اسقدر وسیع دائرے پر تنقید کرتے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ طیب اردوان نے فوجی بغاوت کے بہانے سیاسی اختلاف کو دبایا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کو لاحق خطرات کے باعث ایسے اقدامات ناگزیر ہیں، طیب اردوان کئی مرتبہ فتح اللہ گولن کی تنظیم کا اثرورسوخ ختم کرنے کا عہد دہرا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں