نورحسن کی موت توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے سبب ہوئی، ڈاکٹر

نورحسن کی موت توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے سبب ہوئی، ڈاکٹر

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: شالیمار اسپتال کے ڈاکٹر معاذ نے کہا کہ نورحسن کا آپریشن کامیاب تھا لیکن گزشتہ شب انتہائی نگہداشت کے کمرے(آئی سی یو) میں دوسرے مریض کے لواحقین نے ہنگامہ آرائی جس کے سبب اسپتال کا عملہ چلا گیا اور ان کے پاس دیکھ بھال والا کوئی نہیں تھا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ آئی سی یو میں ایک خاتون مریض کی موت واقع ہوگئی تھی جس کے لواحقین نے مشتعل ہو کر اسپتال میں توڑ پھوڑ شروع کردی اور عملہ وہاں سے بھاگ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نورحسن انتقال کر گئے

انہوں نے کہا کہ رات ساڑھے نو بجے ٹیوب میں مسئلہ آیا تھا لیکن اسی وقت ٹیوب تبدیل کر دی گئی، نور حسن کو سینے میں تکلیف کا مسئلہ تھا لیکن ہمارے چیسٹ اسپیشلٹ وہیں موجود تھے اور مریض کی ریکوری ٹھیک تھی۔

ڈاکٹر کے مطابق صبح آٹھ بجے فون آیا کہ مریض سیریس ہے اور سوا آٹھ  بجے فون پر نور حسن کی موت کا پتہ چلا۔انہوں نے بتایا کہ مرنے کی وجہ حرکت قلب بند ہونا لکھا ہے۔

شالیمار اسپتال کے آئی سی یو میں گزشتہ شب جس مریض کی موت ہوئی اس کے لواحقین نے کہا ہے کہ نور حسن واقعہ سے پہلے ہی انتقال کر چکے تھے اور ڈاکٹرز حقائق چھپانے کی خاطر الزام ہمارے اوپر لگا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں