رانا ثنا کی گرفتاری پر وزیراعلی پنجاب اور صوبائی حکومت کے ترجمان کا تبصرہ


لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان کی انسداد منشیات فورس کی طرف سے گرفتاری پر وزیر اعلی پنجاب اور صوبائی حکومت کے ترجمان کا تبصرہ سامنے آیاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان احمد خان بزدار نے کہاہے کہ سابق حکمرانوں نے جو بویا، آج وہی کاٹ رہے ہیں۔شور مچانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد سردار عثمان بزدار کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن سے پاک اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

سردارعثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے غلط پالیسیوں کے ذریعے معیشت کو تباہ کیا۔سابق دور میں ذاتی مفادات کی سیاست کرکے قومی مفادات کو قربان کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اقتدار میں رہنے والے مکافات عمل کا شکار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا نیا پاکستان آگے بڑھے گا۔عوام کی توقعات اور امیدوں پر پورا اتر یں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے بھی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر بیان جاری کیاہے ۔

صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری مکافات عمل ہے،سسٹم کی کمزوری ہے انہیں بہت پہلے گرفت میں آنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا کرنیوالے بالآخر قانون کے کٹہرے میں آ ہی گئےہیں۔ ہر گرفتاری کے بعد عمران خان پر الزام تراشی کیسے درست ہے؟

سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ عدالتیں آزاد ہیں،جو چاہے اپنی بے گناہی ثابت کرے۔ نواز لیگ کی توپوں کا رخ ہمیشہ غلط سمت میں رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، احتساب سب کا ہوگا،یہی تبدیلی ہے کہ اپنے وقت کے جابر بھی پکڑ میں آگئے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے سوال اٹھایا کہ کیا رانا ثناء اللہ ماڈل ٹاؤن کیس میں بھی بے گناہ ہیں؟یہ معجزہ ہے کہ پیپلز پارٹی رانا ثناء اللہ کا دفاع کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:رانا ثنا اللہ کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مخالفت نے ان “دونوں ” کواکٹھے ہونے پر مجبور کر دیا ہےجس نے بھی کرپشن یا غلط کام کیا اُسے انجام بھگتنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں