پروڈکشن آرڈرز کے قوانین میں ترمیم کا فیصلہ


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پروڈکشن آرڈرز کے قوانین میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 13 نکاتی ایجنڈے پر تفصیل سے غور کیا اور اہم فیصلوں کی منظوری دی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے حج پالیسی 2019 کی منظوری دے دی ہے جسے عوامی مفاد کے لیے بنایا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حاجیوں کی سہولیات کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ ہمارا مقصد اس حج کو اسکینڈل فری حج بنانا ہے اسی لیے دیانتدار وزیر کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلی حج فلائٹ کا افتتاح جمعہ کو کریں گے جو اسلام آباد سے روانہ ہو گی۔

پروڈکشن آرڈرز سے متعلق بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بدقسمتی سے جو لوگ منی لانڈرنگ اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں وہ پروڈکشن آرڈر لے لیتے ہیں جبکہ منی لانڈرنگ میں ملوث لوگ جیلوں میں اے کلاس لیتے ہیں۔ پروڈکشن آرڈر پر آنے والے لوگوں کی بجٹ اجلاس میں صفر کارکردگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترجیحات طے کرنے اور اس کے قانون کو صوبائی حکومتوں سے مل کر تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری حکومت عوامی مفاد کے لیے اقدامات کر رہی ہے اسی لیے زبیر گیلانی کو سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین تعینات کیا گیا اور شمالی کوریا کے ساتھ ویزوں کے حوالے سے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سی ڈی اے کو اسلام آباد کا نیا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور اجلاس میں سی ڈی اے کے خصوصی آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہ جہاں مزار کو ایم ڈی نجکاری بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ 40 ہزار کا پرائز بانڈ لینے والے کو رجسٹریشن کرانا ہو گی۔

اسٹیل مل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری نہیں کی جا رہی ہے تاہم اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے چلایا جائے گا، سابقہ ادوار کی ناقص پالیسیوں سے پاکستان اسٹیل ملز جیسے ادارے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ بزرگوں کی سہولت کے لیے سینئر سٹیزن کونسل قائم کی جا رہی ہے جبکہ سرمایہ کاری کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو پارٹنر شپ میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو طرح طرح سے بے وقوف بنایا جاتا رہا ہے اور ہمیشہ دوسروں کی ذات داغدار بنانے والے آج خود داغدار ہو گئے ہیں اب جب رانا ثنا اللہ کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے تو اسے سیاسی انتقام دیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں