شریف برادران کے چچا زاد بھائیوں کے خلاف چینی چوری کا مقدمہ درج کرنیکا حکم


لاہور کی مقامی عدالت نے شریف برادران  کے بینک ڈیفالٹر چچا زاد بھائیوں کیخلاف دو لاکھ سترہ ہزار چار سو چینی کی بوریاں چوری کرنے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج سید محمد الیاس نے نجی بنک کی اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔

بنک کی جانب سے سید محمود شاہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کشمیر شوگر ملز مالکان شاہد شفیع اور دیگر نے اربوں روپے کا چینی کا اسٹاک چوری کروا دیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا متعلقہ پولیس کو ملزموں میاں جاوید شفیع، شاہد شفیع اور دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی۔ پولیس نے ملزموں کے اپوزیشن لیڈر سے عزیز داری اور بااثر ہونے کی بنا پر مقدمہ درج نہیں کیا۔

درخواست گزار بنک کے وکیل کا کہنا تھا کہ قرض کی عدم ادائیگی پر کشمیر شوگر ملز کو ڈیفالٹر قرار دیا۔

وکیل کی طرف سے عدالت کو استدعا کی گئی کہ کشمیر شوگر ملز مالکان کیخلاف بنک کا اسٹاک چوری کروانے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

ملزمان کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ملزموں کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

ملزمان کے وکیل نے کہا معاملہ قرض نادہندہ اور بنک کے درمیان ہے، عدالت کو مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔ شوگر ملز مالکان کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست مسترد کی جائے۔

یہ بھی پڑھیے:شہباز شریف خاندان کا مبینہ فرنٹ مین وعدہ معاف گواہ بن گیا

عدالت نےشریف  برادران کے بینک ڈیفالٹر چچا زاد بھائیوں کیخلاف چینی کی بوریاں چوری کرنے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے متاثرہ فریق کی داد رسی نہ کرنے پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف بھی اندراج مقدمہ کا حکم دیا۔


متعلقہ خبریں