آصف زرداری کا ایک بار پھر میڈیکل چیک اپ

آصف زرداری کا ایک بار پھر میڈیکل چیک اپ

فوٹو: فائل


راولپنڈی: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو آج پھر میڈیکل چیک اپ کے لیے امراض قلب اسپتال لایا گیا۔

سابق صدر کے آج ایک بار پھر مختلف میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے تاہم ترجمان قومی احتساب بیورو (نیب) نے آصف علی زرداری کی صحت کو درست قرار دیتے ہوئے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔

آصف علی زرداری کو راولپنڈی کے امراض قلب اسپتال لایا گیا تو پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، فرحت اللہ بابر سمیت دیگر رہنما و کارکنان بھی اسپتال پہنچ گئے اور سابق صدر کی عیادت کی۔

یہ بھی پڑھیں آصف زرداری 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

ذرائع کے مطابق سابق صدر کے مختلف ٹیسٹوں کے علاوہ آج اُن کا سٹی اسکین بھی کیا گیا ہے اور انہیں آج خصوصی طور پر سٹی اسکین کے لیے ہی اسپتال لے جایا گیا تھا جو انتہائی ضروری تھا۔

ترجمان نیب کے مطابق آصف علی زرداری کے میڈکل چیک اپ کے لیے دو مختلف میڈیکل بورڈز تشکیل دیے گئے ہیں تاہم وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔

واضح رہے کہ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی کی 10 جون کو عبوری ضمانت منسوخ کر دی گئی تھی جس کے بعد نیب نے انہیں زرداری ہاؤس سے گرفتار کیا تھا۔ آصف زرداری کو نیب راولپنڈی کے آفس میں علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے۔ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کی ابتدائی طبی رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔

سابق صدر اس وقت 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں اور دو روز قبل بھی انہیں میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال لایا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں