لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کو چینی لڑکی نے ’شہباز اسپیڈ‘ قرار دے دیا۔
ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور آنے کے لیے جب قومی ایئرلائن پی آئی اے میں سفر کررہے تھے تو ایک چینی لڑکی نے انہیں پہچان کر نہ صرف ان کے ساتھ سیلفی بنائی بلکہ انہیں دوران گفتگو متعدد مرتبہ ’شہباز اسپیڈ‘ کے نام سے مخاطب بھی کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے بات چیت کے لیے چینی زبان کا انتخاب کیا اور نہایت روانی و آسانی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سی پیک پر ہونے والے کام کی تعریف کی۔
پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدرشہباز شریف کو روانی کے ساتھ چینی زبان میں گفتگو کرتے دیکھ کر پرواز کے دیگر مسافروں کو ’خوشگوار‘ حیرت ہوئی جب کہ چینی لڑکی نے ’اپنی زبان‘ میں بات چیت پر نہایت مسرت کا اظہار کیا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے ساتھ چینی لڑکی کی سیلفی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ’وائرل‘ ہورہی ہے۔
میاں شہباز شریف احتساب عدالت میں حاضری کے لیے اسلام آباد سے لاہور آرہے تھے۔