اسلام آباد:خوف وہراس پھیلانے والے سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد


اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلیو ایریا اسلام آباد میں خوف وہراس پھیلانے والے سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ کی طرف سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیاہے کہ چھ سال قبل بندوق کی نوک پر خوف پھیلانے والا سکندر اپنی سزا پوری کرے۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی تھی۔ عدالت نے 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے سکندر کی سزاکے خلاف اپیل پر فیصلہ 13 مارچ 2019کو محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا کہ پراسیکیوشن نے اپنا کیس ثابت کیا، سکندر کی اپیل مسترد کی جاتی ہے۔ ٹرائل کورٹ نے سکندر کو کم سزا دینے کی وجہ بیان نہیں کی۔ وفاق نے سزا بڑھانے کے لیے اپیل بھی دائر نہیں کی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلیوایریا میں 16 اگست 2013 کو واقعہ پیش آیا تھا۔ گیارہ مئی 2017 کوانسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم سکندر کو 16 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: آزادی اظہار رائے لامحدود نہیں ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

عدالت نے ملزم سکندر پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیاگیاتھا۔

یاد رہے کہ سکندرنامی شخص نے جدید ہتھیاروں کے زور پر بلیو ایریا اسلام آباد میں کئی گھنٹے تک ڈرامہ رچایا اور  واقعے کا ڈراپ سین اُس وقت ہوا جب پاکستان بیت المال کے اس وقت کے چیئرمین زمرد خان نے سکندر کے بچوں سے ملاقات کی خواہش کی اور قریب جانے پر انہوں نے سکندر کو پکڑنے کی کوشش کی۔


متعلقہ خبریں