اسلام آباد: پاکستان میں گدھوں کی تعداد بڑھ گئی ہےجبکہ اونٹوں اور گھوڑوں کی آبادی میں اضافہ نہ ہوسکا۔
پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں اضافے کا انکشاف قومی اقتصادی سروے میں کیا گیاہے ۔ گزشتہ روز جاری کیے گئے قومی اقتصادی سروے میں کہا گیاہے کہ گزشتہ دوسالوں کی طرح اس مرتبہ بھی گدھوں کی آبادی ایک سال میں 52 لاکھ سے بڑھ کر 53 لاکھ ہوگئی ہے ۔
اسی طرح ملک میں بھینسوں کی تعداد تین کروڑ ستتر لاکھ سے بڑھ کر تین کروڑ اٹھاسی لاکھ ہوگئی ہے۔اقتصادی سروے میں کہا گیاہے کہ اونٹوں اور گھوڑوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔
اقتصادی سروے میں دیے گئے اعداد وشمار کے مطابق اونٹوں کی آبادی 11 لاکھ اور ملک بھر میں گھوڑوں کی تعداد 40 ہزار ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی حکومت کی طرف سے پیش کیے گئے مالی سال 2018-2019کے قومی اقتصادی سروے کے مطابق کوئی معاشی ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا۔
رواں مالی سال کے دوران جی ڈی پی کی شرح مجموعی معاشی ترقی 6.2فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.3 فیصد رہی۔
اقتصادی سروے کے مندرجات کے مطابق معاشی ترقی، زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، خدمات سمیت اہم اہداف نامکمل رہے ۔
متفرق فصلوں کی پیداوار ساڑھے تین فیصد ہدف کے برعکس 1.9 فیصد رہی۔کپاس کی پیداوار 8.9 فیصد کے مقررہ ہدف کے برعکس منفی 12.9 فیصد رہی۔لائیو سٹاک کی پیداوار 3.8فیصد مقررہ ہدف کے برعکس 4 فیصد رہی۔
سمال اینڈ ہاؤس ہولڈ سیکٹر نے بھی 8.2 فیصد کا ہدف پورا کر لیا۔ہول سیل، ری ٹیل شعبے نے 7.8 فیصد ہدف کے مقابلے میں صرف 3.1 فیصد شرح سے ترقی کی۔
جنگلات کی پیداوار ساڑھے آٹھ فیصد ہدف کے برعکس ساڑھے چھ فیصد رہی۔ماہی گیری کے شعبے کی پیداوار 1.8 فیصد ہدف کے برعکس 0.8 فیصد رہی۔
صنعتی ترقی 7.6 فیصد مقررہ ہدف کے برعکس 1.4 فیصد تک محدود رہی۔معدنیات کی پیداوار 3.6 فیصد کے مقررہ ہدف کے برعکس منفی 1.9فیصد رہی۔
یہ بھی پڑھیے:رواں مالی سال میں کوئی معاشی ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا