ضمانت پر رہا علیم خان کی پنجاب کابینہ واپسی کی راہ ہموار



لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضمانت پر رہا ہونے والے رہنما علیم خان کو دوبارہ پنجاب کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیر علیم خان کو دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور انہیں وزارت بلدیات اور منصوبہ بندی و ترقیات کا قلمدان دوبارہ سونپا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق علیم خان 15 جون سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنیاں بنانے کے الزام میں چھ فروری کو علیم خان کو حراست میں لیا تھا ۔

سابق سینئر صوبائی وزیر نے گرفتاری کے فوراً بعد ہی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا تاہم پروڈکشن آرڈرز پر وہ باقاعدگی سے پنجاب اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں شرکت کرتے رہے۔

بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے پندرہ مئی کو علیم خان کی ضمانت منظور کی لیکن روبکار جاری ہونے میں تاخیر پر انہیں سترہ مئی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں