شمالی وزیرستان کے علاقے خڑکمر میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ہے جس کے نیتجے میں تین افسران سمیت 4 فوجی اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دھماکہ خیز مواد سڑک پر نصب تھا، گشت پر مامور فوجی گاڑی کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں چار جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، کیپٹن عارف اللہ اور حوالدار ظہیر شامل ہیں.
شہید کیپٹن عارف اللہ کا تعلق لکی مروت سے جبکہ لانس نائک حوالدار ظہیر کا تعلق چکوال سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چند روز قبل اس علاقے میں ایک آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا جبکہ گزشتہ ایک ماہ میں اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار شہید، 35 زخمی ہو چکے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مزمت کی ہے۔
Deeply saddened to learn of the shahadat of 3 officers &1 soldier from a terrorist-planted IED blast in Kharkamar, N.Waziristan. My condolences to the families of the Shuhada & prayers for recovery of the injured.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 7, 2019
ٹوئٹر سے جاری پیغام میں وزیراعظم نے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
وزیر اعظم نے وزیرستان میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں مگر ریاست ان عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہی دے سکتی۔