’کل عید کا چاند نظر آ جائے گا‘


اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کل عید کا چاند نظر آ جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  3 بج کر 2 منٹ پر چاند کی پیدائش ہو چکی ہے، اس کی چمک 0.1 فیصد ہے اس لیے آج نظر نہیں آئے گا البتہ کل چاند کو دیکھا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب سے پیدا ہوئے ہیں دو اور تین عیدیں دیکھ رہے ہیں، اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سائنسی طریق کار اختیار کرنا چاہیئے۔ کوشش ہے کہ پورے ملک میں عید ایک ہی دن منائی جائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پوپلزئی اور مفتی منیب جید علماء ہیں، ہمارا مقصد کسی کو نیچا دکھنا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علم فلکیات مسلمان سائنسدانوں کی تحقیق ہے اور اب کہا جا رہا ہے کہ سائنس کا اس سے کیا تعلق ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کئی ایسے ممالک ہیں جہاں چاند اور سورج نکلتے ہی نہیں، دین اسلام پوری دنیا کے لیے ہے اس لیے سائنسی علم کو استعمال کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل 28 گھنٹوں بعد چاند کراچی اور گوادر کی ساحلی پٹی پر نظر آئے گا جبکہ محکمہ موسمیات کے 66 مقامات پر عوام خود چاند کا مشاہدہ کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے جوموبائل ایپ بنائی ہے اسے مختلف نظام کے ساتھ جوڑا گیا ہے جس کی وجہ سے اس ایپ کے ذریعے تمام کہکشائیں دیکھی جا سکتی ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بہت سے باتیں دیر سے سمجھ آتی ہیں، چاند دیکھنے کے لیے جو دوربین استعمال ہو رہی ہے وہ 50 سال پرانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہا جاتا ہے کہ ہم نے آنکھ سے دیکھنا ہے،  اگر یہی بات ہے تو چشمہ بھی نا لگائیں۔


متعلقہ خبریں