’آپ کو آؤٹ کرکے چکن ڈانس کرنے میں بہت مزہ آیا‘


پاکستان نے کرکٹ کو کئی ورلڈ کلاس فاسٹ بولرز دیے ہیں جن میں سے ایک شعیب اختر بھی ہیں جو اس وقت بھی دنیا کی تیز ترین گیند کرانے کا عالمی ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں۔

مایہ ناز فاسٹ بولر نے اپنے کریئر کے دوران دنیا بھر کے کئی بلے بازوں کو پریشانی میں مبتلا رکھا۔

انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اپنے وقت کے صف اول کے بلے بازوں میں شمار ہوتے تھے اور شعیب اختر اور ان کے درمیان میدان پر کئی قابل دید مقابلے دیکھنے میں آئے۔

تاہم اب یہ دونوں عظیم کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور زیادہ تر تجزیہ کار کی حیثیت سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔

کچھ روز قبل دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ٹوئٹر پر کھٹی میٹھی گفتگو ہوئی جس میں ماضی کے دلچسپ مقابلوں کا بھی ذکر ہوا۔

شعیب اختر نے سرفراز الیون کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے ٹیم سے ’تگڑا‘ کھیلنے کی تلقین کی۔

اس تصویر میں شعیب اختر کیون پیٹرسن کو آؤٹ کرنے کے بعد ’چکن ڈانس‘ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جوابی ٹوئٹ میں پیٹرسن نے کہا کہ ’دوست، میں اس ٹوئٹ پر بحث نہیں کرسکتا کیوں کہ آپ میری سنچری اسکور کرنے کے بعد یہ جشن منارہے ہیں۔‘

اس کے جواب میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ دوست، آپ بہترین بلے باز تھے لیکن آپ کو آؤٹ کرنے کے بعد مجھے چکن ڈانس کرنے میں بہت مزہ آیا۔

شعیب اختر نے اس کے بعد ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ہم سیریز 0-2 سے جیتے تھے تو اختتام میں کامیاب ہم ہی رہے۔

پیٹرسن نے اس کے جواب میں مایہ ناز فاسٹ بولر کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں