عید الفطرکی چھٹیوں میں ملکہ کوہسار مری کا ٹریفک پلان

عید الفطرکی چھٹیوں میں ملکہ کوہسار مری کا ٹریفک پلان

راولپنڈی:ٹریفک پولیس نے عید الفطرکی تعطیلات کے موقع پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیئےجامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ  اسلام آباد سے مری کے لیے تما م ٹریفک بذریعہ ایکسپریس وے اور آر ایم کے جی ٹی روڈ سے آ جا سکے گی۔

عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران سرکل مری میں 05روڈز کو ون وے کر دیا گیا ہے جس میں ویوفورتھ روڈ، بنک روڈ، ہال روڈ، کلڈنہ روڈ اور امتیاز شہید روڈ شامل ہیں۔

مری کی مال روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیئے بند رہے گی جبکہ ٹریفک کے بہترین انتظامات کے پیش نظر مری کے پانچ سیکٹر بنائے گئے ہیں۔

عید الفطر پر مری میں90 ٹریفک اسسٹنٹس، 264 ٹریفک وارڈنز،17 انسپکٹرز،05 ڈی ایس پیز اسپیشل ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

مری میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ صبح 07 بجے سے رات01 بجے تک مکمل بند رہے گا جبکہ  دوران عید الفطر مری میں بسیں اور دیگر بڑی گاڑیاں مری بروری چونگی اور بانسرہ گلی سے آگے نہیں جا سکیں گی جبکہ آزاد کشمیر جانے والی گاڑیاں براستہ ایکسپیرس وے آ جا سکیں گی۔

مری کے جی پی او  چوک کے سامنے یا اس کے گردونواح، سیڑھیوں کے سامنے،لالہ زار کے سامنے، جھیکاگلی سے  کلڈنہ تک بنک روڈ ، گرلز ڈگری کالج تک ہر قسم کی پارکنگ پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ جی پی او چوک کو پارکنگ فری قرار دیا گیا ہے۔

پانی والے ٹینکرز اور فوڈ سپلائی گاڑیوں ماسوائے(ٹرک اور ہیوی گاڑیاں) کو رات 01 بجے سے صبح 07 بجے تک پانی اور سٹی ایریا میں فوڈ سپلائی کی اجازت ہو گی۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف نے تمام افسران اور اہلکاروں کو احکامات جاری کیئے کہ عید الفطر کے موقع پر مری میں ڈیوٹی کے فرائض انتہائی محنت، لگن اور عوام الناس کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر سرانجام دیئے جائیں۔

سیاحوں کی سہولت کے لئے سنی بنک کے مقام پر ٹریفک پولیس نے دو کنٹرول روم قائم کیے ہیں تا کہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

یہ بھی پڑھیے:عید الفطر کی چھٹیوں کا اعلان، سرکاری ملازمین کی موجیں

سیاح معاونت اور رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائنز 0519269200، 0519272616، ٹورسٹ ہیلپ لائن 1058 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں