امریکہ ایران سے غیر مشروط بات چیت کیلیے تیار

امریکہ ایران سے بلامشروط بات چیت کیلیے تیار

فائل فوٹو


واشنگٹن: امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ہم  ایران کے ایٹمی پروگرام پرغیرمشروط بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ ایران ایک معمول کے ملک کی طرح کا رویہ اختیار کر رہا ہے۔

واشنگٹن کی طرف سے بات چیت کی پیش کش پر ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا کہ غیر مشروط مذاکرات کی دعوت زبابی جمع خرچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہران امریکہ کے زبانی جمع خرچ پر توجہ نہیں دیتا، یہ خفیہ ایجنڈے کا نئے طریقے سے اظہار ہے،  الفاظ کے بجائے امریکہ اپنے رویے میں تبدیلی لائے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے مذاکرات سے منہ موڑا، پہلے نارمل اسٹیٹ کی جانب واپس آئے، امریکہ کی واپسی تک ہمارے پاس مزاحمت کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات ایک سال سے کشیدہ ہیں اور واشنگٹن نے تہران پر خطے میں کشیدگی پھیلانے کا الزام بھی لگایا تھا۔

گزشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام کو رکوانے کے لیے مشترکہ جامع معاہدہ عمل سے یکطرفہ طور پر دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی معاہدے کی شقوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی الٹی میٹم دیا تھا کہ اگر 60 دنوں میں یورپی طاقتوں نے 2015 کے جوہری معاہدے کے مطابق ایران پر عائد پابندیوں کو ہٹانے کے عملی اقدامات نہ کیے تو ایران مزید شقیں بھی معطل کردے گا۔


متعلقہ خبریں