زلمے خلیل زاد کی پاکستان آمد، پاکستانی حکام سے ملاقاتیں



اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان پہنچ گئے وہ افغان مفاہمتی عمل پر پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کر رہا ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان زلمے خلیل زاد وزارت خارجہ پہنچے جہاں وفود کی سطح پر پاک، امریکا دوطرفہ مشاورتی اجلاس جاری ہے۔ امریکی وفد کی قیادت زلمے خلیل زاد جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ خارجہ آفتاب کھوکھر کر رہے ہیں۔

مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب کھوکھر نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کے لیے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان نے تمام فریقین کو خطے میں دہائیوں سے جاری محاذ آرائی کے خاتمے کے لیے مسئلے کے سیاسی حل کی طرف بڑھنے کا مشورہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں زلمے خلیل زاد پاکستان کا دورہ مکمل کرکے افغانستان روانہ

امریکی نمائندہ خصوصی نے خطے میں دیرپا قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

امریکی وفد میں امریکی محکمہ دفاع و اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نمائندگان جبکہ پاکستانی وفد میں وزارتِ دفاع و وزارتِ خارجہ کے سینیئر حکام شامل ہیں۔

پاکستان پہنچنے والا امریکی وفد اعلی سول و عسکری حکام کے علاوہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے بھی ملاقات کرے گا۔


متعلقہ خبریں