ریلوے بھی عوام پر کرایوں میں اضافہ کا بم گرانے کو تیار



لاہور: پاکستان ریلوے نے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کے عوام پر کرایوں میں اضافہ کا بم گرانے کی تیاری کر لی۔

ذرائع کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان ریلوے نے بھی ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 15 فیصد تک اضافہ کا فیصلہ کر لیا۔ بزنس کلاس کے کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا جبکہ اکانومی کلاس میں 2 سے 5 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

ریلوے کی جانب سے اے سی سلیپرز کے کرایوں میں 15 فیصد تک اضافے کا امکان ہے، جس کا باقاعدہ اعلان وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کریں گے جو اس وقت غیر ملکی دورے پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان ریلوے کی طرف سے مسافروں کیلئے ’’عیدی‘‘

ذرائع کے مطابق ریلوے ٹرین آپریشن پر روزانہ ساڑھے 4 لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے۔

اس سے قبل پاکستان ریلوے نے 7 دسمبر 2018 کو بھی ریلوے کرایوں میں 7 سے 11 فیصد اضافہ کیا تھا۔

پاکستان ریلوے نے عید پر مسافروں کو سفر کرنے پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ عید الفطر پر رش کی وجہ 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ریلوے کی نجکاری نہیں کی جا رہی ہے تاہم آئی ایم ایف سے معاہدے کا بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان 15 جون کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جس میں اکانومی کلاس بھی رکھی گئی ہے اور کوشش ہے کہ اکانومی کلاس میں 50 روپے سے زائد کا اضافہ نہ کریں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ ریلوے ملازمین کو ہیلتھ کارڈ مل جائیں۔ ہم نے ریلوے کے اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔


متعلقہ خبریں