شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ اور بارودی سرنگ کے ذریعے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیاہے۔
آئی ایس پی آرکی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ حملے میں جام شہدت نوش کرنے والے سپاہی کا نام اسماعیل شاہ ہےاوراس کی عمر 26 سال تھی۔
حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں کیا گیا جہاں پاک فوج کی گاڑی معمول کے گشت پرتھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں حالیہ دنوں میں دہشتگرد کارروائیوں میں اضافہ ہوا دیکھنے میں آیا ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ میں 5 فوجی شہید اور 31 زخمی ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی گرفتاری کا نتیجہ خاڑکمرچیک پوسٹ پر25مئی کو ہونے والے حملے کی صورت میں نکلا۔
یاد رہے شمالی وزیر ستان میں محسن داوڑ اور ساتھیوں کے حملے میں زخمی ہونے والا پاک فوج کا جوان گل خان بھی 27مئی کو شہید ہو گیا ہے۔
واضح رہے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ساتھیوں سمیت چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہو گئے تھے، جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کی سربراہی میں ایک گروہ نے خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کا مقصد دہشتگردوں کے مشتبہ سہولت کار کو رہائی دلوانا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:شمالی وزیرستان: فوجی چوکی پر حملے میں زخمی ہونیوالا جوان شہید