ویسٹ انڈیز سے شکست، سابق کپتان کی قومی ٹیم پر کڑی تنقید


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی ویسٹ انڈیز سے عبرت ناک شکست پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم گزشتہ کئی سالوں سے شارجہ اور دبئی کے بیٹنگ ٹریکس پر میچز کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے کھلاڑی انگلینڈ کی پچز پر شارٹ گیندوں پر پھنس رہے ہیں۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی دو وکٹیں جلد کھو دینے کے بعد مڈل آرڈر بلے بازوں کو وکٹ پر جم کر کھیلنا چاہیئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو وکٹ پر کھڑے ہو کر رن بنانا سیکھنا ہو گا، آج سب نے میچ دیکھنے کے بعد اندازہ لگا لیا ہو گا کہ ہمارے کھلاڑی کن گیندوں پر پھنستے ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایسی پچز پر ٹھہر کر کھیلنا ہوتا ہے اور ابتدائی اوورز میں جب گیند ہل رہی ہو تو بہت محتاط انداز میں بلے بازی کرنی ہوتی ہے۔

حسن علی جس طرح آؤٹ ہوئے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جس طرح بزدلوں کی طرح حسن نے اپنی وکٹ دی وہ قابل افسوس ہے، جب ایک سیٹ کھلاڑی وکٹ پر کھڑا ہوا ہے تو آپ کا کام اسٹرائک بدلنا ہوتا ہے اس وقت اس طرح کی گندی شاٹ کھیلنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔


متعلقہ خبریں