ورلڈ کپ: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا


ناٹنگھم: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ کپ کا دوسرا میچ آج ناٹنگھم کے اولڈ ٹریفرڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ میں حالیہ فارم زیادہ اچھی نہیں رہی۔ انگلینڈ کے خلاف گرین شرٹس کو 0-4 جبکہ آسٹریلیا کے خلاف 0-5 سے شکست ہوئی۔

تاہم عالمی ٹورنامنٹس میں گرین شرٹس کا ریکارڈ مجموعی طور پر اچھا رہا ہے اور چیمپئنز ٹرافی کی مثال سب کے سامنے ہے جب پاکستانی ٹیم بمشکل کوالیفائی کرپائی تھی تاہم اسے جیت کر وطن واپس لوٹی۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ساتھ بھی وہی مسئلہ ہے جو پاکستان کے ساتھ یعنی ایک دن یہ ٹیم دوسری ٹیم کو تباہ کردینے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم کسی دن یہ کمزور سے کمزور ٹیم کے سامنے ڈھیر ہوجاتی ہے۔

عالمی کپ کے دوران اب تک دونوں ٹیمیں 10 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں جس میں ویسٹ انڈیز سات جبکہ پاکستان تین میچوں میں کامیاب رہا۔

گزشتہ ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 150 رنز کی ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کون سی ٹیم جیتے گی؟ ماہرین کی رائے

گرین شرٹس کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں اور کل کے میچ کے لیے دستیاب ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے، امید ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شکستوں کے تسلسل کو توڑیں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران وہ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے تاہم اگر اختتامی اوورز میں بیٹنگ کرنا پڑی تو بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی ممکن ہے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔


متعلقہ خبریں