’ورلڈ کپ میں بیٹنگ کیلئے سازگار پچز سے پریشان نہیں‘


پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے دوران بلے بازوں کے لیے سازگار پچز سے پریشان نہیں۔

دو سال قبل چیمپئنز ٹرافی کے دوران اپنی 13 وکٹوں کے ذریعے پاکستان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے حسن کا کہنا تھا کہ جدید طرز کی کرکٹ میں وکٹوں سے ہی مخالف ٹیم کو رنز بنانے سے روکا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ وکٹوں ہی کے ذریعے میچز جیتے جاسکتے ہیں۔

حسن علی کی فارم ورلڈ کپ میں پاکستان کی کامیابی کے حوالے سے بہت اہم ہوگی تاہم حال ہی میں لگاتار دس میچز میں شکست گرین شرٹس کے لیے پریشانی کی ایک وجہ ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کون سی ٹیم جیتے گی؟ ماہرین کی رائے

حسن علی نے 2017 میں 45 وکٹیں حاصل کی تھیں اور اس سال کے بہترین ایک روزہ بولر رہے تھے۔

تاہم حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں مایہ ناز فاسٹ بولر محض تین وکٹیں ہی لے پائے۔

حسن علی کا کہنا ہے کہ وہ جانتے ہیں دورہ جنوبی افریقہ کے بعد سے وہ زیادہ وکٹیں حاصل نہیں کرپائے ہیں تاہم وہ بولنگ کوچ اظہر محمود کی مدد سے بھرپور محنت کررہے ہیں اور جلد ردھم حاصل کرنے کے بعد وکٹیں لینا شروع کردیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان کی بولنگ زیادہ اچھا نہیں کرپائی ہے تاہم تجربہ کار فاسٹ بولرز وہاب ریاض اور محمد عامر کی واپسی سے بولنگ اٹیک مضبوط ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں