خوابوں سے متعلق 10 دلچسپ حقائق

خوابوں سے متعلق 10 دلچسپ حقائق

خواب ہمیشہ سے انسانوں کے لیے ایک پراسرار چیز رہے ہیں۔ کبھی اسے روح کا عارضی طور پر جسم چھوڑنا سمجھا گیا ہے تو کبھی انہیں مستقبل کی کلید قرار دیا گیا ہے۔ جدید دور میں پہلی بار خوابوں کو سائنسی بنیادوں پر سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے اور اس حوالے سے چند دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں۔

خواب یاد نہیں رہتے:

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسان اپنے خوابوں کا 90 فیصد حصہ یاد نہیں رکھتا۔ اگرچہ یہ فارمولا ہر شخص کے لیے یکساں نہیں ہے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ زیادہ تر لوگوں کو خواب یاد نہیں رہتے۔ کچھ باتیں تو ذہن پر زور دینے سے یاد آ جاتی ہیں تاہم اکثریت کو ہم مستقل طور پر بھول جاتے ہیں۔

نابینا لوگ بھی خواب دیکھ سکتے ہیں:

اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں خواب صرف آنکھوں والے دیکھ سکتے ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے، اس کے برعکس پیدائشی طور پر نابینا افراد بھی خواب دیکھنے ہیں، یہ بات البتہ درست ہے کہ ان کے خواب آنکھیں رکھنے والوں سے مختلف ہوتے ہیں۔

فرارممکن نہیں:

اگر آپ ان افراد میں شامل ہیں جنہیں خواب مکمل طور پر بھول جاتے ہیں تو یہ مت سمجھیں کہ آپ خواب نہیں دیکھتے۔ خوابوں سے فرار ممکن نہیں کیونکہ یہ انسانی زندگی کا ناگریز جزو ہیں۔

میں آپ کو جانتا ہوں:

خواب میں ہمیں صرف وہ چہرے نظر آتے ہیں جنہیں ہم نے حقیقی زندگی میں دیکھا ہوتا ہے، عموماً ایسے افراد خوابوں میں آتے ہیں جن سے زیادہ تعلق ہو لیک یہ بھی ممکن ہے کہ ایسا شخص خوابوں میں نظر آ جائے جسے زندگی میں ایک مرتبہ دیکھا ہو۔

بلیک اینڈ وائٹ خواب:

زیادہ تر افراد کے خواب بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی پروگرام کی طرح ہوتے ہیں۔ عموماً ہمیں یاد نہیں رہتا کہ خواب رنگین تھا یا بلیک اینڈ وائٹ۔  امریکہ میں کیے گئے ایک مطالعے کے مطابق بڑی عمرکے اکثر لوگوں کے خواب بلیک اینڈ وائٹ ہوتے ہیں کیونکہ وہ اسی قسم کا ٹی وی دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے تھے۔

خوابوں میں خفیہ اشارے:

خواب اکثر کسی ایسے معاملے کی طرف اشارہ کر رہے ہوتے ہیں جن کا تعلق حقیقی زندگی سے ہے۔ لیکن ان کی نوعیت اشاراتی ہوتی ہے اور ابھی تک نفسیات دان ان کی تشریح میں لگے ہوئے ہیں اگرچہ حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں ہو پایا۔

خوابوں کی تعداد:

ایک صحت مند شخص عمومی طور پر ایک رات میں چار سے سات خواب دیکھتا ہے۔ ہمیں جو خواب یاد رہتے ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ خواب طویل اور کچھ چھوٹے ہوتے ہیں۔ چونکہ ہم زیادہ تر خواب بھول جاتے ہیں اس لیے خوابوں کے اصل وقت کا تعین کرنا مشکل ہے۔

جانور اور خواب

ہم یقینی طور پر تو نہیں کہہ سکتے کہ جانور خواب دیکھتے ہیں یا نہیں لیکن انہیں دیکھا گیا ہے کہ وہ نیند کے دوران ٹانگیں ہلاتے ہیں۔ اس لیے عمومی رائے یہی ہے کہ شاید جانور خوابوں میں کبھی گلہڑیوں کے پیچھے بھاگ رہے ہوتے ہیں یا درختوں میں پھنسے ہوتے ہیں۔

آنکھوں کی تیز حرکت:

جب ہم نیند کے دوران خواب دیکھتے ہیں تو ہماری آنکھیں تیز حرکت کرتی ہیں۔ اس عمل کے دوران ہم بستر سے اس لیے نہیں گرتے کہ ہمارا جسم عارضی طور پر کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔ کچھ لوگ ایسی حالت میں چلے جاتے ہیں کہ وہ مکمل طور پر حرکت کرنے سے قاصر ہو جاتے ہیں۔

حقیقی زندگی کی مداخلت:

خوابوں پر ہماری حقیقی زندگی کے اثرات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ خواب میں کسی شخص کو نہانے کی انتہائی ضرورت محسوس ہو اور جب وہ اٹھے تو اسے احساس ہو کہ اسے واقعی نہانے کی ضرورت ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں