’ن لیگ چیئرمین نیب کا استعفیٰ نہیں چاہتی‘


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے وضاحت کی ہے کہ ن لیگ چیئرمین نیب کا استعفی نہیں چاہتی، ملک احمد خان کو بیان دینے کا کوئی اختیار نہیں ان سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ پارلیمانی کمیٹی کا ہے، اگر ثابت ہوگیا تو استعفے کا مطالبہ بھی ہوگا اور سپریم جوڈیشل کونسل بھی جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) فیصلہ کرے گی، اگر حکومت گرانا مقصود ہوا تو گرادیں گے۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے وزیر اعظم عمران خان کے سندھ میں نئے صوبے کی مخالفت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حکومت سے نکلنے کی دھمکی دے دی۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان نے کہا کہ وزیر اعظم کے سندھ میں نئے صوبے کے قیام کے خلاف بیان پر دکھ ہوا، ایسا ہوا تو حکومتی اتحاد سے نکلنے پر غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہری صوبے کے حوالے سے بل لا رہے ہیں، تحریک انصاف نے مخالفت کی تو اپنا لائحہ عمل بنائیں گے۔

عامر خان نے غربت، بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے موقع پر اتحادیوں کو نہیں چھیڑنا چاہئے۔


متعلقہ خبریں