سرگودھا میں وزیراعظم عمران خان نے ایک سرکاری اسپتال کا ’سرپرائز‘ دورہ کیا جس کے دوران وہاں موجود والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام عمران خان رکھ دیا۔
اس موقع پر بچے کے والد کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم سے بہت محبت کرتے ہیں اور اسی وجہ سے اپنے بچے کا نام عمران خان رکھا۔
وزیراعظم عمران خان نے ننھے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
One of the cutest, most heartwarming videos you will see today. Parents name their new born son as Imran Khan as the PM makes surprise visits to hospital in Sargodha #ImranKhan. This is a true way of showcasing love the public has for their leader pic.twitter.com/NgScDRpdZF
— Tehreek-e-Insaf (@InsafPK) May 25, 2019
وزیر اعظم ہفتہ کی صبح اچانک سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ( ڈی ایچ کیو) اسپتال پہنچ گئے، مختلف وارڈ کا معائنہ کیا اور ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
عمران خان کے ’چھاپے‘ سے تمام ضلعی اور اسپتال انتظامیہ لا علم رہی جبکہ وزیر اعظم کو اپنے درمیان پا کر اسپتال میں موجود لواحقین نے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
اسپتال کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم نے مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس دوران مریضوں اور ان کے لواحقین نے اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملہ کے رویے کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔
وزیر اعظم نے عوامی شکایات کے بعد صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے بھی ناقص انتظامات اور اسپتال کی صورتحال پر بات کی۔