کوئٹہ:پشتون آباد دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج


کوئٹہ : گزشتہ روز بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی مسجد میں ہوئے دھماکے کا مقدمہ تھانہ کاؤنٹر ٹیررازم (  سی ٹی ڈی) میں درج کرلیا گیاہے۔

کوئٹہ پولیس کے مطابق تھانہ پشتون آباد کے ایس ایچ او کی مدعیت میں  نامعلوم افراد کے خلاف  مقدمہ درج کیا گیاہے۔ مقدمہ میں قتل ،اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز کوئٹہ کے نواحی  علاقہ پشتون آباد کی ایک مسجد میں دھماکہ ہوا جس کے  نتیجے میں امام مسجد سمیت 3 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ پولیس کے مطابق  دھماکہ عبدالولی چوک کے قریب واقع رحمانیہ مسجد کے احاطے میں ہوا جس کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ  کر زخمیوں کو سول اسپتال  اور بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا۔ دھماکے کے بعد طبی امداد کے قریبی مراکز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

بلوچستان کے وزیر صحت نصیب اللہ مری نے ابتدائی بیان میں دھماکے سے دو افراد جاں بحق  15 زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی لیکن بعد ازاں مزید ایک شخص دم توڑ گیا اور زخمیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

کوئٹہ پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد نماز جمعہ کے لیے رحمانیہ مسجد میں آ رہی تھی جہاں 2 بجے نماز ادا کی جانی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق جب دھماکہ ہوا تو خطبہ جمعہ شروع ہو چکا تھا اور مسجد کے اندر 60، 70 افراد موجود تھے۔

سانحہ  پیش آنے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر واقعے کی تفتیش شروع کردی اور پولیس نے دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے ثبوت و شواہد اکٹھے کیے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے آئی ای ڈی کے ذریعے یہ دھماکہ کیا ہے۔

پولیس کے سینئر اہلکار کا کہنا تھا کہ جمعے کےموقع پر کوئٹہ میں سیکیورٹی الرٹ تھی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ایف سی کےاضافی اہلکار تعینات کئے گئے تھے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں پر بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظاما ت تھے۔

یہ بھی پڑھیے:کوئٹہ کی مسجد میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق


متعلقہ خبریں