مریخ کے لیے مفت بورڈنگ پاس حاصل کریں

مریخ کے لیے مفت بورڈنگ پاس حاصل کریں

اگرچہ مریخ پر انسانی قدم پہنچنے میں ابھی ایک طویل عرصہ درکار ہے تاہم امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے عوام کو یہ موقع دیا ہے کہ وہ ایک بورڈنگ پاس حاصل کر کے اپنا نام سرخ سیارے کی سطح پر بھیج سکتے ہیں۔

یہ نام جولائی 2020 کو سرخ سیارے کی طرف سفر کرنے والے روبوٹ سائنسدان (روور) کے ذریعے بھیجے جائیں گے جو 50 کروڑ کلومیٹر کا سفر طے کر کے فروری 2021 کو اپنی منزل پر پہنچے گا۔

30 ستمبر تک ناسا کی ویب سائیٹ پر اپنے نام کا اندراج کرا کے یہ بورڈنگ پاس حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان تمام ناموں کو الیکٹران بیم کے ذریعے سلیکون چپ پر کندہ کیا جائے گا، ٹیکسٹ کی موٹائی 75 نینومیٹر (انسانی بال کا ہزارویں حصہ) ہو گی۔

روور کا کل وزن 2300 پاؤنڈ (1000 کلوگرام) ہے اور یہ مریخ کی سطح زندگی کے ابتدائی نمونے تلاش کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس کا ہدف ماضی میں پائے جانے والے بیکٹیریا کے ممکنہ نمونے ہوں گے۔

روبوٹ سائنسدان سیارے کی آب و ہوا اور جغرافیے کے نمونے بھی حاصل کرے گا تاکہ زمین پر واپسی کے بعد ان کے ذریعے مطلوبہ معلومات حاصل کی جا سکیں جو مستقبل میں انسانوں کو مریخ پر بھیجنے کے لیے ضروری ہیں۔

یاد رہے کہ ناسا 2024 میں ایک بار پھر انسانوں کو چاند پر بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ خلا کی وسعتوں کی پیمائش کے لیے یہ تاریخی کوشش ہو گی جس کے بعد مریخ پر انسانوں کو بسانے کے منصوبے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں