پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے معصوم بچی فرشتہ کے سفاکانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج اس سلسلے میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں کہا کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔
Brutal murder of innocent Farishta is highly condemnable. Those responsible must be brought to justice. Army is ready to provide any support in this regard. We must rise and join to protect our future generations from vile and despicable elements who prey on vulnerable children.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) May 22, 2019
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو ان بھیڑیوں سے بچانے کیلئے اٹھ کھڑا ہونا ہو گا۔
وزیراعظم بھی متحرک
اس سے قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ معاملے پر وزیر اعظم عمران خان بھی متحرک ہوگئے اور ڈی ایس پی عابد کو معطل کردیا جبکہ ایس پی عمر خان کو او ایس ڈی تعینات کردیا۔
عمران خان نے اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار اور ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید سے بھی وضاحت طلب کرلی ہے کہ ایف آئی آر میں نامزدگی کے باوجود پولیس اہلکاروں کو بروقت گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔
فرشتہ قتل کیس
واضح رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد سے 15 مئی کو لاپتہ ہونے والی دس سالہ بچی فرشتہ کی مسخ شدہ نعش جنگل سے برآمد ہوئی تھی جس کے بعد ورثا اور علاقہ مکین سخت مشتعل ہوگئے تھے۔
انہوں نے معصوم بچی کی نعش تڑامٹری چوک پہ رکھ کر احتجاج شروع کر دیا تھا تاہم کارروائی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔
قبائلی علاقے مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ مہمند کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے نعش قریبی جنگل میں پھینک دی گئی تھی۔