سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ سے طالبہ کی خود کشی ، مرکزی ملزم گرفتار

سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ سے طالبہ کی خود کشی ، مرکزی ملزم گرفتار

بدین: سوشل میڈیا کے ذریعے ’بلیک میلنگ‘ کے بعد 12 ویں جماعت کی طالبہ کی خود کشی پر بچی کے  والد کی مدعیت میں مبینہ ملزم سوم کمار اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف تھانہ ٹنڈوغلام علی میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

مقدمے میں  دفعہ 322  ، دفعہ 506/2  اوردفعہ 385 لگائی گئی ہے۔ ملزمان پر طالبہ کو جان سے ماردینے کی دھمکی اور  بھتہ خوری کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

کیس کے مرکزی ملزم سوم کمار نے حیدرآباد پولیس کو گرفتاری دیدی ہے ۔ حیدرآباد پولیس نے ملزم کو بدین پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:سوشل میڈیا کی محبت نوجوان طالبہ کی جان لے گئی

ہم نیوز کے مطابق بدین کے نواحی شہر ٹنڈو غلام علی کی رہائشی طالبہ سوشل میڈیا کے ذریعے محبت کے جھانسے میں آنے کے بعد کی جانے والی ’بلیک میلنگ‘ سے اس حد تک عاجز آئی کہ اس نے زہریلی دوا پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ ہی کرلیا۔

متوفیہ کے ورثا کے مطابق ’سوم‘ نامی شخص نے متوفیہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے پہلے اپنی جھوٹی محبت کا جھانسہ دیا اور اس کے بعد اس کی تصویر ’ایڈٹ‘ کرکے اسے بلیک میل کرنے لگا۔

ہم نیوز کے مطابق ورثا نے یہ افسوسناک انکشاف بھی کیا کہ سوم ایڈٹ شدہ تصویر انٹرنیٹ پر اپلوڈ کرنے کی دھمکی دے کر ہر ماہ 50 ہزار روپے بھی وصول کرتا رہا تھا۔

سوم نامی شخص کے متعلق ورثا کا کہنا ہے کہ جب متوفیہ کی منگنی اپنے عزیز سے ہوئی تو اسے بھی ایڈٹ شدہ تصویر واٹس اپ پر بھیج دی جس کی وجہ سے ہونے والا رشتہ ٹوٹ گیا۔

ہم نیوز کے مطابق ورثا نے دعویٰ کیا ہے کہ زہریلی دوا پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے سے قبل متوفیہ نے اپنی آپ بیتی کاغذ پر تحریر کی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق متوفیہ کے ورثا نے سوم کی بلیک میلنگ سے متعلق باقاعدہ شکایت متعلقہ ایس ایس پی سے کی تھی لیکن پولیس نے روایتی غفلت، لاپرواہی اور سستی کا مظاہرہ کرے ہوئے کارروائی نہیں کی جب کہ بلیک میلنگ اور ذہنی دباؤ سے تنگ آکر طالبہ نے خود کشی کرلی۔


متعلقہ خبریں