’ن لیگ میں تبدیلیوں کے پیچھےگینگ آف فور‘


ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نون لیگی قیادت میں حالیہ تبدیلیاں اس بات کی غماز ہیں کہ پارٹی انتشار کا شکار ہے۔  ن لیگی رہنماؤں سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ گینگ آف فور تمام فیصلے کر رہا ہے۔

ملتان میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر ن لیگ نے شہبازشریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی سے ہٹانا تھا جو پہلے ہی وزیراعظم عمران خان کی بات مان لیتے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے جو پی اے سی کا چیئرمین منتخب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا، دیگر اپوزیشن جماعتوں کے متعلق بھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بتائے راتوں رات یہ تبدیلی کیسے آئی، اگر شہبازشریف اپوزیشن لیڈر رہ سکتے ہیں تو پارٹی کی ذمہ داری کیوں نہیں لے سکتے؟  بظاہر کہا جا رہا ہے شہبازشریف واپس آ جائیں گے لیکن اگر انہوں نے واپس آنا تھا تو تبدیلیاں کیوں کی گئیں؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو اپوزیشن لیڈربنانے کے بارے میں سوچا جا رہا ہے۔ ن لیگ میں خاصا انتشار ہے اور نئی تقرریوں پر پارٹی کا بہت بڑا حصہ معترض ہے۔

حکومت کی طرف سے شہبازشریف کو واپس لانے کے بارے میں سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ابھی بہت کنفیوژن ہے چند دنوں میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی اس کے بعد دیکھیں گے۔


متعلقہ خبریں