ملتان:سرکاری اسپتالوں  کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ڈاکٹرز کا دوسرے روز بھی احتجاج

نشتر اسپتال ملتان

فائل فوٹو:نشتر اسپتال ملتان


ملتان:سرکاری اسپتالوں  کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ڈاکٹرز کا احتجاج جاری ہے جس کے باعث نشتر اسپتال کی او پی ڈی دوسرے روز بھی بند ہے۔

ینگ ڈاکٹرز نے اسپتالوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف  نہ صرف  حکومت  کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے بلکہ دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت اس منصوبے سے باز نہ آئی تو احتجاج میں مزید شدت لائی جائیگی۔

ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث اوپی ڈی میں علاج کی غرض سے آنے والے سینکڑوں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامناہے ۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض خوارہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:ینگ ڈاکٹرز نے ایم ٹی آئی ایکٹ کو عوام دشمن قرار دے دیا

ایک شہری نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ اپنے 5سالہ بیٹے کے  آپریشن کے لیے آیا ہے مگر ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث 3 دن سے خوار ہورہا اور شدید پریشانی کا شکار ہے ۔ ڈاکٹرز نہ اس کے بچے کو دیکھتے ہیں اور نہ ہی یہ بتایا جارہاہے کہ یہ احتجاج مزید کتنے دن جاری رہے گا۔

یاد رہے رواں سال مارچ کے مہینے میں ینگ ڈاکٹرزایسوسی  ایشن  کے رہنما ڈاکٹر شعیب تارڑ نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب حکومت میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ (ایم ٹی آئی) ایکٹ لانے کی کوشش کر رہی ہے جس کے بعد سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج کا خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں ٹیسٹ کی فیس نجی لیبارٹریوں کے برابر کر دی ہے جب کہ اسپتالوں میں سرکاری ملازمین کی مستقل نوکریاں بھی ختم کی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر شعیب تارڑ نے انکشاف کیا کہ سرکاری اسپتالوں کو کاروباری مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور اب آپریشن کا کم سے کم 50 ہزار روپے ریٹ مقرر کیا جا رہا ہے۔

ملتان:نشتراسپتال سے دوائی چور رنگے ہاتھوں گرفتار

ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ بورڈ آف گورنرز کے نام پر اب غیر ڈاکٹرز اسپتالوں کو چلائیں گے، اسپتالوں میں ریفارمز کے نام پر مسائل پیدا کیے جا رہے ہیں۔

دوسری طرف جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں چوریاں معمول بن گئی ہیں ۔نشتر اسپتال سے  موبائل فون  چور کے بعد میڈیسن چور بھی پکڑا گیا ہے ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نشتر اسپتال کے  سیکورٹی انچارج نے  چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وارڈ نمبر 11 سے ادویات  چوری کرتے ہوئےایک شخص رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

محمد ریاض نامی گرفتار شخص سے تین انجیکشن اورایک انسولین کی ڈبی برآمد کرلی گئی ہے ۔ نشتر اسپتال کے سیکیورٹی انچارج کی مدعیت میں محمد ریاض نامی دوائی چور  کے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔


متعلقہ خبریں