دبئی کے ہوٹل بہت جلد روبوٹس کے حوالے

روبوٹس جلد دبئی کے ہوٹل چلائیں گے

روبوٹس کی مقبولیت پوری دنیا میں تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے  اور ماہرین کی رائے میں بہت جلد مشینیں انسانوں کی جگہ روزمرہ کا کام سنبھال لیں گی۔

اس سلسلے کی ایک بڑی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب دبئی میں ’مصنوعی ذہانت کی دنیا‘ کے زیرعنوان نمائش میں مختلف کمپنیوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں مہمانوں کے استقبال سے لے کر مشروبات پیش کرنے تک کے تمام فرائض روبوٹس ادا کریں گے۔

ایک اماراتی کمپنی کے مطابق وہ رواں برس اگست میں ایک ایسا ہی ریستوران کھولنے جا رہی ہے جس کا بیشتر انتظام روبوٹس سنبھالیں گے۔

اسی طرح ایک کمپنی کے آپریشنل ڈائرکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ مستقبل قریب میں لوسی نامی ایک روبوٹ مہمانوں کا استقبال کیا کرے گی اور ریستوران میں ویٹریس کا کام بھی سرانجام دے گی۔

ڈائرکٹر کا کہنا ہے کہ اسمارٹ کیمرے اور اسکرین کی مدد سے یہ روبوٹ ملازمین کی حاضری، حتیٰ کہ ان کے احساسات کو بھی جاننے کی صلاحیت رکھتی ہو گی۔

ڈائرکٹر کے مطابق اس شعبے میں مزید پیش رفت ہو گی اور وہ اپنے روبوٹس کو بہتر سے بہتر بناتے رہیں گے اور مستقبل میں ملازموں کی درخواستوں کی تفصیل، امیدواروں کی رہنمائی، انہیں انٹرویو کے اوقات سے آگاہ کرنا اور اس جیسے بےشمار کام اس روبوٹ کے ذمہ ہوں گے۔

دبئی کے صحرا میں جدید ٹیکنالوجی جس قسم کے جادوئی کرشمے دکھا رہی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہاں کے حکمران ہر صورت اپنے ملک کو سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے بہترین مرکز کے طور پر قائم و دائم رکھنا چاہتے ہیں۔

مستقبل میں جو ملک بھی جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت کے استعمال کو معمول بنا لے گا وہ کاروبار، سرمایہ کاری اور سیاحت کا مرکز بن جائے گا۔ اس حوالے سے پاکستان کو بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں