فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ میں اہم تبدیلیوں کا اعلان


اسلام آباد: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے انسٹا گرام اور واٹس ایپ سمیت کمپنی کے پورٹ فولیو میں شامل سوشل پلیٹ فارمز میں متعدد تبدیلیاں لانے کا اعلان کر دیا ہے۔

ان تبدیلیوں کی ایک خاص بات یہ ہے کہ فیس بک کا رنگ اب نیلا نہیں رہے گا کیونکہ زکر برگ فیس بک کو آئی میسیجز جیسا بنانے کا سوچ رہے ہیں۔

فیس بک کے بانی کا کہنا ہے کہ کمپنی صارفین کی پرائیویسی کو اولین ترجیح دے گی۔ انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ابھی صارفین کا اعتماد بحال کرنے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

ایپس کے نئے ڈیزائن کمپنی پر ڈیٹا کی حفاظت کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تنقید کا نتیجہ بتائے جا رہے ہیں۔

میسنجر پر بھیجے جانے والے پیغامات اب اینڈ ٹو اینڈ اِنکریپٹڈ ہوں گے جس کی وجہ سے دو افراد یا گروپس میں ہونے والی بات چیت تک فیس بک کو رسائی حاصل نہیں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابی عمل پر سوشل میڈیا کے اثرات، فیس بک کا اہم اعلان

انسٹا گرام کے نئے تجرباتی  فیچر میں کسی بھی تصویر پر لائیکس کی تعداد صرف اکاؤنٹ کا مالک دیکھ سکے گا جبکہ ڈیٹا شیئر کرنے کے لیے عارضی طریقے ہوں گے جس سے پیغامات مستقل بنیادوں پر ریکارڈ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پانچ سالوں میں ڈیزائن کے حوالے سے یہ سب سے بڑی تبدیلی ہے۔ یہ تبدیلیاں گروپس، نجی چیٹ اور اِنکریپٹڈ پیغامات پر مشتمل ہوں گی جس کی رسائی خود فیس بک کو بھی حاصل نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے اسپونسرڈ پوسٹوں پر ’میں یہ کیوں دیکھ رہا ہوں( وائے آئی ایم سی انگ دس پوسٹ)‘ کا فیچر متعارف کرایا تھا۔

فیس بک میں اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جان سکیں کہ مخصوص مواد ان کی وال پر کیوں نظرآرہا ہے۔


متعلقہ خبریں