قبائلی علاقوں میں بہت خون بہہ چکا، مذاکرات کریں: زرداری

قبائلی علاقوں میں بہت خون بہہ چکا، مذاکرات کریں: زرداری

اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں بہت خون بہہ چکا ہے ہمیں چاہیے کہ بیٹھ کر بات چیت اورمذاکرات کریں۔ پشتون تحفظ موومنٹ کے متعلق انہوں نے کہا کہ ان کے بہت سے مطالبات جائز ہیں۔

انہوں نے یہ بات پشتون تحفظ موومنٹ کے وفد سے بات چیت کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری  سمیت دیگررہنما بھی موجود تھے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پشتون تحفظ موومنٹ کے اراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ملاقات بلاول بھٹوزرداری  کے چیمبر میں ہوئی جس کے بعد چیئرمین پی پی پی  نے ذرائع ابلاغ  سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ایم کے ساتھ ملاقات ایک رکن پارلیمنٹ کی دوسرے رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات تھی۔

انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے نوجوان سیاست دانوں کے درمیان جس قدر رابطہ ہوگا اسی قدر ملکی سیاست اور جمہوریت کے لیے بہتر ہوگا۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ بے شک ہم ایک جیسا مؤقف نہ رکھیں لیکن جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کے بارے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پوزیشن جو کل آپ کے سامنے تھی وہی آج بھی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پی ٹی ایم والوں سے میری ملاقات کم لیکن بلاول کی زیادہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی جارحانہ رویے سے روکنا اور اس کوقومی دھارے میں لانا ہی تو جمہوریت کا کام ہے۔

 


متعلقہ خبریں