چین پاکستان کو 90 فیصدمارکیٹ شیئر بلا معاوضہ دےگا، ڈپٹی چیف آف مشن


اسلام آباد: چینی ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان فری ٹریڈ کا معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت چین پاکستان کو 90 فیصدمارکیٹ شیئر بلا معاوضہ دےگا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 22 منصوبوں میں سے 11 مکمل ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ 11 زیر تعمیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے دوران کئی دستاویزات پر دستخط ہوئے، ہم نے فری ٹریڈ معاہدے پر بھی دستخط کیے۔

جیان ژاؤ کا کہنا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جس کے ساتھ چین نے سب سے پہلے فری ٹریڈ معاہدہ کیا، اب اس کو مزید آگے لیکر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں امریکی اور برطانوی مارکیٹ کو ٹارگٹ کیا ہے جبکہ چینی مارکیٹ نظر انداز ہوئی۔

ڈپٹی چیف آف مشن چین نے کہا کہ وزیراعظم کو بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی اور انہوں نے اس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو فری ٹریڈ معاہدے سےاستفادہ  کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پہلی بار پاکستان کو کپاس دے گا۔

لی جیان ژاؤ نے کہا کہ چین نے اپنی مارکیٹس میں پاکستانی آم اور کینو کی رسائی دی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے زیادہ منصوبے چین نہیں پاکستان میں ہیں تاہم پاکستان کو اپنا انفراسٹرکچر بہترکرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کی معیشت بہترہوگی جبکہ اس حوالے سے تمام معلومات انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔

پروگرام کے دوران انہوں نے کہا کہ پرواز ہے جنون پہلی پاکستانی کمرشل فلم ہے جو چینی مارکیٹ میں آ رہی ہے، اس بریک تھرو پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

لی جیان ژاؤ نے کہا کہ پرواز ہے جنون کی چین میں ریلیز کا معاہدہ بیلٹ روڈ فورم کے دوران ہوا تھا جس پر  فلم کی پروڈیوسر مومنہ درید اور فائر انٹرنیشنل میڈیا کے ونگ نے دستخط کئے تھے۔

پی ٹی ایم کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، مصدق ملک

پروگرام کے پہلے حصے میں مسلم لیگ نواز کے سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے خلاف تحقیقات ہوگئیں اب ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور یہ بتارہے ہیں کہ یہ اشخاص را سے پیسے لے رہے اور دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ وہ ان کے مطالبات سے متفق ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے یا تو وزیراعظم کی بات ٹھیک ہوسکتی ہے یا ڈی جی آئی ایس پی آر کی۔


متعلقہ خبریں