پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پریکٹس میچ میں کینٹ کو 100 رنز سے شکست دے دی۔
بیکنھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
گرین شرٹس کو اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ امام 39 رنز بناکر کر آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھیں: مکی آرتھر نے ورلڈکپ اسکواڈ میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا
درمیانے اوورز میں کچھ وکٹیں گرنے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کچھ مشکلات کا شکار دکھائی دی تاہم آل راؤنڈر عماد وسیم کی برق رفتار اننگز نے پاکستان کو پہاڑ جیسے 358 رنز کے اسکور تک پہنچا دیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 76، حارث سہیل نے 75 اور عماد وسیم نے 117 رنز بنائے۔
کینٹ کی جانب سے عمران قیوم نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں کینٹ کا آغاز اچھا نہ تھا اور محض 44 رنز پر اس کی تین وکٹیں گرگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں ٹریننگ سیشن
اس موقع پر اے جے بلیک نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے صرف 55 گیندوں پر 89 رنزبنائے۔ ان کے علاوہ روبنسن 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کینٹ کی پوری ٹیم 258 رنز ہی بنا پائی اور اس طرح پاکستان نے 100 سے فتح اپنے نام کی۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے اپنے مقررہ اوورز میں 90 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ فخر زمان، فہیم اشرف اور حسن علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔