جعلی اکاونٹس کیس میں ایک اور ریفرنس دائر



اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے جعلی اکاونٹس میں سابق ایڈمنسٹریٹر کے ڈی اے حسین سید کےخلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنس میں سابق ایڈمنسٹریٹر کے ڈی اے  حسین سید کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں سابق میٹروپولیٹن کمشنر کے ڈی اے متانت علی خان اور سابق ڈائریکٹر کے ڈی اے نجم کے نام بھی شامل ہیں۔

جعلی اکاونٹس کیس میں نیب کی جانب سے یہ چوتھا ریفرنس دائر کیا گیا ہے، نیب کی جانب سے دائرہ کردی ریفرنس میں سے ایک ریفرنس کی احتساب عدالت میں باقاعدہ سماعت جاری ہے۔

اس سے قبل آٹھ اپریل کو قومی احتساب بیورو نے جعلی اکاونٹس کیس میں پنک ریذیڈنسی ریفرنس دائر کیا تھا، اس کرپشن ریفرنس میں اومنی گروپ کے سی ای او اور دیگر کے خلاف دائر کیا گیا تھا۔
نیب کی جانب سے دائرہ کیے گئے اس ریفرنس میں ملزمان پر جعلی بینک اکاونٹس اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔
یاد رہے رواں ماہ کی دو تاریخ کو چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹوبورڈ نے جعلی اکاونٹس کیس میں چھ ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی۔

نیب نے اس کیس میں ڈاکٹرڈینشا، اسلم مسعود، محمد حنیف سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کررکھا ہے جبکہ ایک ملزم سلیم فیصل نے نیب کو وعدہ معاف گواہ بننے کی باضابطہ طور پردرخواست بھی دے رکھی ہے۔ اس کے علاوہ احتساب عدالت میں کیس کی پہلی سماعت کے دوران بھی دو خواتین ملزمان نے وعدہ معاف گواہ بننے کی استدعا کی تھی۔

پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کیس میں ریفرنس تیار

دوسری طرف نیب  نے  پیراگون  ہاوسنگ  سوسائٹی  کیس  میں  خواجہ  برادران  کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا  ہے، جسے منظوری  کے  لیے  چیئرمین  نیب  کو  بھیج  دیا گیا ہے۔

یاد رہے خواجہ برداران نیب کی تحویل میں ہیں، 18 اپریل کو عدالت نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو مئی تک توسیع کردی تھی۔

لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھارئی خواجہ سلمان رفیق کی 11 دسمبر 2018 کو لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت خارج ہوئی تھی جس کے نیب نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا تھا۔


متعلقہ خبریں