اسلام آباد: کراچی میں دارالصحت اسپتال میں انجیکشن کی زیادہ مقدار سے وفات پاجانے والی نشوا کے والد قیصرعلی نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔
پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے نشوا کے والد قیصرعلی نے بتایا کہ بیٹی کوڈائریا ہوا تواسپتال لے گئے تو انہوں نے غلط انجیکشن لگایا جس سے وینٹی لینٹرپرچلی گئی اور معذورہوگی۔ اسپتال انتظامیہ نے مانا کہ ان سے غلطی ہوئی لیکن انہوں نے لکھ کر نہیں دیا جس سے اس کے علاج میں تاخیرہوئی۔
یہ بھیی پڑھیں نشوا کا معاملہ، سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کا اسپتال کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ
ان کا کہنا تھا کہ اگر اسپتال انتظامیہ نے پہلے لکھ کردیا ہوتا تو ڈاکٹر انہیں بچاسکتے تھے لیکن دیرکے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایف آئی ار سے پہلے دباو ڈالا گیا، متن میں بھی لکھا کہ اس کی ذمہ دار انتظامیہ ہے لیکن نرس اور وارڈ بوائے کے علاوہ کسی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوا ہے۔ سندھ ہیلتھ کئیرکمیشن نے اسپتال کو بند کرنے کا مینڈیٹ ہونے کے باوجود پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا ہے۔
نشوا کے معاملے پرکارروائی کے لیے وزیراعظم سے درخواست کروں گی، زرتاج گل
تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ نشوا کی جان جانے پر سندھ حکومت کو اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں بھی نشوا کے معاملے پر بات کی، اس پر ان سے دوبارہ ضرور درخواست کروں گی۔
زرتاج گل کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کااصل چہرہ نظرآگیا ہے کہ یہ ایسا کرکے اپنا مذاق بنوا رہے ہیں۔
زرتاج گل کا کہنا تھا کہ سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے بلاول بھٹو سے کیوں نہیں پوچھا کہ انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے موقع پر پاکستان کے بجائے بھارت کا موقف کیوں اپنایا۔ بلاول بھٹو بار بار لہجہ بدل کراپنا مذاق بنواتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، یہ ہم عوام کو بتائیں گے اور ساتھ ساتھ کوشش بھی کریں گے کہ ان کے مسائل حل ہوں۔
یہ سیاست کی نہیں بلکہ انسانیت کی بات ہے،رانا مشہود
مسلم لیگ ن کےرہنما رانا مشہود نے کہا نشوا کےمعاملے پرحکومت سزادلوائے تاکہ آئندہ ایسا طرح کا کام نہ ہو، یہ سیاست کی نہیں بلکہ انسانیت کی بات ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسمبلیوں کا مذاق اڑایا، اب جو ملکی حالات ہوئے ہیں، وزیراعظم کے بیانات نے دنیا کو الزام لگانے کا موقع دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی و خارجی معاملات پر حکومت کی نااہلی کھل کرسامنے آگئی ہے، عوام پرمہنگائی کا بوجھ ڈالا، سرمایہ کار ڈرگیا ہے لیکن اب بھی پتہ نہیں کہ حکومت کیا کرنا چاہتی ہے۔
پیپلزپارٹی کی رہنما اور سابق وزیرخارجہ حناربانی کھر کا کہنا ہے کہ ہمارا حکومت سے اختلاف ہے اور یہ پالیسیوں سے ہے لیکن تحریک انصاف کا رویہ یہ ہے کہ مخالف بات کو ملک دشمن قرار دیتی ہے۔
پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بھارتی انتخابات، افغانستان کے حوالے سے بیانات نہیں دینے چاہیے تھا اور یہ سفارت کاری کا حصہ ہے لیکن یہ اس سے واقف نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہرادارے کواپنے کام نہیں کرنے دیں گے بات نہیں بنے گی، اگروزیراعظم ایران جارہے تھے تو دو دن پہلے وزیرخارجہ کو ایران کے حوالے سے بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔ وزیراعظم پاکستان کے ہیں، تحریک انصاف کے نہیں۔
حناربانی کھرنے کہا کہ وزیراعظم نے جو بات کرنی تھی وہ ایرانی قیادت سے بند کمروں میں کرتے، انہیں سب کے سامنے اپنے ملک کے خلاف اس طرح کی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔