لاہور: داتا کی نگری میں پیشہ ور بھکاری نے ملنے والی بھیک میں اضافے کی خاطر سفاکیت و بے رحمی کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے نومولود بچے کی نعش تدفین کے بعد قبر سے چرالی۔
علاقہ پولیس نے شکایت ملنے پر ملزم الیاس کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے نومولود بچے کی نعش تحویل میں لے لی۔
ہم نیوز کے مطابق ’کفن چوری‘ کے بعد ’نعش چوری‘ کا واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب بادامی باغ کے رہائشی شجاع الرحمان نے اپنے نومولود بچے کی قبر کو تدفین کے کچھ ہی دیر بعد کھلا پایا اور اس میں اسے نعش دکھائی نہ دی۔
غمزدہ شجاع الرحمان نے اس کی اطلاع پولیس کو دی تو اس نے نعش کی تلاش کرتے ہوئے چوک میں واقع بس اسٹاپ پہ بیٹھ کر بھیک مانگتے ملزم الیاس کو گرفتار کیا۔
اطلاعات کے مطابق گرفتار ملزم الیاس نومولود بچے کی نعش کو گود میں اٹھا کر بھیک مانگ رہا تھا۔
بادامی باغ کے رہائشی شجاع الرحمان کے گھر سات سال بعد بیٹے کی ولادت ہوئی تھی لیکن پیدا ہونے والا بچہ فوری انتقال کرگیا تھا جس کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے نومولود بچے کی میت دفن کیے جانے کے کچھ ہی دیر بعد قبر کھود کر نکال لی تھی اور اسے اٹھا کر چوک میں آگیا تھا جہاں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ ہمدردیاں سمیٹ کر اپنی بھیک میں اضافہ کررہا تھا۔
ہم نیوز نے علاقہ پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ملزم پیشہ ور بھکاری بتایا جاتا ہے۔