رملہ: فلسطین میں نئی حکومتوں کے عہدیداروں نے حلف اٹھالیا ہے۔ فلسطینی صدرمحمود عباس نے فتح پارٹی سے تعلق رکھنے والی نئی حکومت کا حلف رملہ میں لیا جہاں محمد اشتیہ نے بطور وزیراعظم بائیس رکنی کابینہ کے ساتھ ذمہ داری سنبھالی۔
نئی تشکیل دی گئی حکومت میں معیشت دان اور محمود عباس کے دیرینہ مشیر محمد اشتیہ وزیراعظم ہیں۔
رمی الحمد لی اللہ کی جگہ لینے والے محمد اشتہ کو 10 مارچ کو وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے، وزرات داخلہ اور مذہبی امورکے قلمدان بھی ان کے پاس ہی رہیں گے۔
وزیر خارجہ ریاض المالکی اور وزیر خزانہ شکری بشارہ اپنے عہدوں پر فائز رہیں گے۔
سابقہ وزیراعظم رمی الحمد لی اللہ جنوری میں حماس اور فتح پارٹی کے درمیان مفاہمت اورمذاکرات کی ناکامی پر عہدے سے الگ ہوئے تھے۔
اس سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان اکتوبر 2017 میں قاہرہ میں ایک مفاہمتی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے لیکن اقتدار میں شراکت داری کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں ہوسکا ہے۔
حماس اور اسلامک جہاد گروپ حکومت کا حصہ نہیں بنے ہیں جبکہ ڈیموکرٹیک فرنٹ فار لبریشن اور لبریشن آف فلسطین جیسی جماعتوں نے یہ کہہ کر نئی حکومت کا بائیکاٹ کیا ہے کہ اس سے فلطیسن میں تقسیم مزید گہری ہوگی۔