کراچی: محکمہ موسمیات نے سوموار کے روز پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
آج اسلام آباد، شہید بےنظیرآباد، سکھر، لاڑکانہ، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور میر پورخاص ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
بلوچستان میں مکران، قلات، ژوب، کوئٹہ ڈویژن میں بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
کراچی میں گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ صبح کے وقت ہوا کی رفتار 9 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب ہوا کی رفتار 45 کلو میٹر فی گھنٹہ تک تھی۔
صبح کے وقت کراچی کا درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان میں موجود ہونے کے سبب آج بھی کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ شب کراچی میں گردآلود ہوائیں اور مٹی کے طوفان سے حد نگاہ ایک کلومیٹر تک کم ہوگئی تھی۔
کوئٹہ میں بارش کے باعث عوام کو مشکلات
موسلادھار بارش کی وجہ سےاتوار سے منگل کے دوران مکران، کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں مقامی ندی نالوں ییں طغیانی کا امکان ہے جبکہ منگل اور بدھ کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا بھی خدشہ ہے۔
کوئٹہ میں بارش کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں بجلی معطل اور گیس کے پریشر میں کمی آگئی ہے جبکہ تیز بارش کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگور ہوگیا ہے۔
بارش کے بعد سڑکوں پر پانی آگیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور مغربی علاقوں میں طوفانی بارشیں جاری ہیں۔ توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی میں گرج چمک کیساتھ ژالہ باری ہوئی جس کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ زیارت خانوزئی، کان مہترزئی، مسلم باغ میں بھی بارش سے موسم خنک ہو گیا۔
ضلع دکی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے نشبی علاقے زیرآب آگئے ۔ پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے سے ہرنائی کا زمینی رابطہ ملک بھر سے منقطع ہوگیا ہے۔ سیلابی ریلے کے باعث زردآلوکےمقام رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے۔
لیویز حکام کے مطابق کوئلہ لیز کے علاقے میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ملبے سے لاش نکال لی گئی، ایری گیشن کالونی میں متعدد مکانوں کی دیواریں گر گئی ہیں۔
گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش جیوانی میں 60 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
شمالی علاقہ جات میں موسم خراب ہونے کے باعث پی آئی اے کی پروازیں منسوخ
گزشتہ شب شمالی علاقہ جات میں موسم خراب ہونے سے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز ( پی آئی اے) نے اپنی پروازیں منسوخ کردی تھیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ اسلام آباد سے جانے اور آنے والی قومی ایئرلائن کی 11پروازیں، اسلام آباد سے گلگت کی دوطرفہ تین پروازیں پی کے 605، 606 اور 607منسوخ کی گئیں۔ اسلام آباد سے ژوب کی دوطرفہ پروازیں پی کے 689 اور 690 اڑان نہ بھر سکیں۔
کراچی سے اسلام آباد آنے والی دو پروازیں پی کے 368 اور 372، سکھر سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 692 منسوخ ہوئی
اسلام آباد سے بارسلونا جانے والی پرواز پی کے 769 اور اسلام آباد سے چترال جانےوالی والی پرواز پی کے 660 اور پشاور سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 661 اپنی منزل کی طرف روانہ نہ ہوسکی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق شمالی علاقہ جات کی پروازیں موسم کی خرابی کے باعث منسوخ ہوئیں، چند پروازوں کو مسافروں کی کمی کی وجہ سے دیگرپروازوں کے ساتھ ایڈجسٹ کیا گیا۔